کولکاتہ، 8 نومبر (آئی این ایس انڈیا) مغربی بنگال میں انتخابات کے بعد تشدد کے معاملے میں ہائی کورٹ سخت ہے۔ کلکتہ ہائی کورٹ نے سی بی آئی اور ایس آئی ٹی دونوں کو اس معاملے میں نئی تحقیقاتی رپورٹ داخل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ کیس کی اگلی سماعت 23 دسمبر کو ہوگی اور اس دن سی بی آئی اور ایس آئی ٹی کو انتخابات کے بعد تشدد کے معاملے میں نئی تحقیقاتی رپورٹ داخل کرنی ہوگی۔سی بی آئی اور ایس آئی ٹی کی ٹیم نے 4 اکتوبر کو کلکتہ ہائی کورٹ میں مغربی بنگال میں انتخابات کے بعد ہونے والے تشدد کے حوالے سے ایک سیل بند رپورٹ پیش کی تھی لیکن پیر کو اس معاملے کی سماعت کے بعد کلکتہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس پرکاش سریواستو اور آئی پی مکھرجی نے سی بی آئی اور ایس آئی ٹی کی رپورٹ کو مسترد کر دیا۔ ڈویزن بنچ نے سی بی آئی اور ایس آئی ٹی سے اس معاملے میں نئی تحقیقاتی رپورٹ پیش کرنے کو کہا ہے۔اس کے ساتھ کلکتہ ہائی کورٹ نے بھی مغربی بنگال میں انتخابات کے بعد تشدد کی وجہ سے متاثرین کے خاندانوں کا خیال رکھا ہے۔ کلکتہ ہائی کورٹ نے ایڈوکیٹ جنرل سے تشدد کی وجہ سے بے گھر ہونے والے لوگوں کے بارے میں فہرست مانگی ہے۔ دوسری جانب سی بی آئی نے عدالت کو بتایا کہ اب تک 40 ایف آئی آر درج کی گئی ہیں۔ کیس کی اگلی سماعت اب 23 دسمبر کو ہوگی۔